26 جنوری 2019 - 16:17
امریکی تاریخ کاسب سے بڑا شٹ ڈاؤن 35 روز بعد ختم

امریکا میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پسپائی اور ایوان نمائندگان سے عارضی فیڈرل بجٹ کی منظوری سے حکومتی شٹ ڈاؤن پینتیس دن کے بعد ختم ہوگیا۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق امریکی ایوان نمائندگان نے فیڈرل حکومت کو عارضی طور پر دوبارہ بحال کرنے کے لئے اپنی رضا مندی ظاہرکرتے ہوئے اس کے لئے ایک عارضی فنڈ کی منظوری دے دی ہے۔ امریکی ایوان نمائندگان نے فیڈرل حکومت کو عارضی طور پر دوبارہ بحال کرنے کے بل کی منظوری کے بعد اسے دستخط اور قانون میں تبدیل ہونے کے لئے صدر ٹرمپ کے پاس بھیج دیا ہے۔

امریکی سینیٹ نے بھی میکسیکو کی سرحد پر دیوارکی تعمیر کے لئے ٹرمپ کی طرف سے مانگے گئے کسی بھی طرح کے بجٹ کو منظور کئے بغیر فیڈرل حکومت کو عارضی طور پر بحال کرنے کے بل کی منظوری دے دی۔ امریکی حکومت کے شٹ ڈاؤن کو ختم کرنے کا یہ بل ایک ایسے وقت پاس ہوا ہے جب کانگریس کے لیڈروں نے کہا ہے کہ وہ فیڈرل حکومت کو عارضی طور پر دوبارہ بحال کرنے کے لئے ٹرمپ کے ساتھ ایک سمجھوتے پر پہنچ گئےہیں

خبروں میں کہا گیا ہے کہ کانگریس اور ٹرمپ نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ فیڈرل حکومت کو تین ہفتے کے لئے بحال کیا جائے اور میکسیکو کی سرحد پر دیوار تعمیر کرنے کے لئے بجٹ کے بارے میں بعد میں مذاکرات کئے جائیں گے۔

ان تمام باتوں کے باوجود امریکی صدر ٹرمپ نے دھمکی دی ہے کہ اگر اس مسئلے پر کوئی سمجھوتہ نہ ہوا تو تین ہفتے کا بجٹ ختم ہونے کے بعد وہ دوبارہ حکومتی شٹ ڈاؤن کردیں گے اور ایمرجنسی بھی نافذ کرسکتے ہیں۔

اس درمیان امریکی کانگریس کے اکیاون ڈیموکریٹس اراکین نے ایوان نمائندگان میں مسلح افواج کی کمیٹی کے چیئرمین کے نام ایک خط ارسال کرکے کہا ہے کہ وہ اس بات کی اجازت نہ دیں کہ ٹرمپ ملک میں ایمرجنسی نافذ کرکے فوجی بجٹ سے میکسیکو کی سرحد پر دیوار تعمیر کرا دیں۔

ٹرمپ حکومت کا پینتیس روزہ شٹ ڈاؤن امریکی تاریخ کا سب سے طویل حکومتی شٹ ڈاؤن ہے چنانچہ اس پینتیس روزہ شٹ ڈاؤن کے نتیجے میں کم سے کم چھے ارب ڈالر کا نقصان ہوا ہے۔ مالیاتی ادارے ایس اینڈ پی گلوبل ریٹینگز نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ امریکا کی فیڈرل حکومت کے شٹ ڈاؤن کی وجہ سے کم سے کم چھے ارب ڈالر کا نقصان ہوا ہے۔ ٹرمپ اور کانگریس کے درمیان کشمکش کے نتیجے میں چھے ارب ڈالر کا نقصان ایک ایسے وقت ہوا ہے جب میکسیکو کی سرحد پر دیوار تعمیر کرنے کے لئے ٹرمپ نے جس بجٹ کی درخواست کی تھی اس کی رقم پانچ ارب سات سو ملین ڈالر تھی۔

۔۔۔۔۔۔۔

/169